ترکیہ میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، 115 مشتبہ داعش ارکان گرفتار

ترکیے میں کرسمس اور نئے سال پر دہشت گرد حملوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ 115 مشتبہ داعش ارکان کوگرفتار کرلیاگیا۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے استنبول میں چھاپے مار کر 100 سے زائد مشتبہ داعش ارکان کو گرفتار کیا۔استنبول کے چیف پراسیکیوٹر کے دفتر نے جمعرات کو ان گرفتاریوں کی تصدیق کی۔
بیان میں کہا گیا کہ استنبول پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مشتبہ داعش کے ارکان ترکیہ میں بالخصوص غیر مسلموں کو نشانہ بنانے کے لیے کرسمس اور نئے سال کے موقع پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
جس کے بعد پولیس نے استنبول میں 124 مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جس کے دوران مطلوب 137 مشتبہ افراد میں سے 115 کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترک حکام نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران کافی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
