دہشتگردوں کو انہی کی زبان میں جواب مل رہا ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے بھارت بلوچستان میں دہشتگردوں کی سرپرستی کر رہا ہے، دہشتگردوں کو انہی کی زبان میں جواب مل رہا ہے۔

خواجہ آصف کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت مئی کی جنگ میں اپنی شکست کے اثرات کم کرنے کے لیے یہ سب کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا ایک دہشتگرد کلبھوشن یادیو پاکستان کی حراست میں ہے، جسے بلوچستان سے ہی گرفتار کیا گیا تھا۔

خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کامیابی حاصل کر رہا ہے اور حالیہ کارروائی میں بلوچستان میں 150 سے زیادہ دہشتگرد مارے جا چکے ہیں جو ان کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔بہادر سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔

وزیر دفاع کے مطابق بلوچستان کا رقبہ بڑا جبکہ آبادی کم ہے، اسی وجہ سے وہاں دہشتگردوں کی موومنٹ موجود ہے اور دہشتگردوں نے پہاڑی علاقوں میں پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت اچھا کام کر رہی ہے اور ہم بھی چاہتے ہیں کہ وہاں ترقیاتی کام ہوں۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں عوام کو ریاست کے خلاف ورغلانے کی کوشش کی جاتی ہے، بلوچستان میں مسائل ضرور ہیں لیکن بھرپور صلاحیت سے نمٹا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ بسوں اور ٹرینوں میں سفر کرنے والے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ خیبرپختونخوا بھی دہشتگردی کا ہدف بنا ہوا ہے اور خیبرپختونخوا حکومت کو چاہیے کہ وہ وفاق، ایجنسیز، فوج اور دیگر اداروں کو کھل کر سپورٹ کرے۔

 

Back to top button