بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ، 1 اہلکار شہید،3 زخمی، 3حملہ آور ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے رات گئے پولیس چوکی فتح خیل پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہو گئے۔
حملے کے دوران پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس میں تین دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ردعمل:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس چوکی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردوں کی ہلاکت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے پولیس کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
