سوات کے علاقے شانگلہ میں دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، 2 اہلکار شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے شانگلہ میں پولیس پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔
پولیس کےمطابق نامعلوم دہشت گردوں نے شانگلہ کی تحصیل چکیسر کی حدود میں واقع گنانگر پولیس چوکی پر حملہ کیا۔
حکام کےمطابق چکیسر گنانگر پولیس چوکی پر دہشت گردوں کےحملے میں 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔
شہید ہونے والوں میں ایس ایچ او محمد حسن خان،سپاہی نثار خان شامل ہیں، حملےمیں 4 اہلکار بھی زخمی ہوئےہیں۔
پولیس حکام کےمطابق ایک زخمی سپاہی کا تعلق میرہ سے ہے۔ حملے کےبعد فرار دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔
پشاور ہائی کورٹ : علی امین گنڈاپور کو 16 جنوری تک کی حفاظتی ضمانت مل گئی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کےحملے کی مذمت کی اور فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنےوالے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار اور شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ زخمی ہونے والے 3پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں، خیبرپختونخوا پولیس کے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان نے شہادت کا اونچا رتبہ پایا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔ ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، خیبرپختونخوا پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس جنگ میں کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
