اسلام آباد اور واناکادہشتگردوں کوبھرپورجواب ملےگا،وزیردفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم اس وقت افغانستان کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں، اسلام آباد اور وانا حملوں کا ایسا جواب دیں گے کہ دنیا دیکھے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ اسلام آباد میں حملہ کرکے افغان طالبان نے ہمیں ایک پیغام دیا ہے، اور یہ دباؤ بڑھانے کی ایک کوشش ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاک افغان مذاکرات کے پہلے دور میں خود موجود تھا، مجھے یہ بات سمجھ آئی ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کو نہیں روکنا چاہتا، اور اسی لیے بات چیت کامیاب نہیں ہو سکی۔
خواجہ آصف نے کہاکہ دہشتگرد وانا میں اے پی ایس طرز کا حملہ کرنا چاہتے تھے، تاہم اللہ نے ہمیں بچا لیا۔ وانا اور اسلام آباد پر حملے سے کابل کی پوزیشن واضح ہوگئی ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ ہماری سیکیورٹی فورسز دہشتگری کے خاتمے کے لیے اپنی جانیں قربان کررہی ہیں، پاکستان دہشتگردی سے نمٹنا بہتر طریقے سے جانتا ہے۔ ہم کسی بھی جارحانہ صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان مشرقی اور مغربی سرحد دونوں اطراف بھارت اور افغانستان سے جنگ کے لیے تیار ہے۔ اگر یہ فائنل راؤنڈ چاہتے ہیں تو پھر ہمارے پاس جنگ کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔
