بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کا جلد خاتمہ کیا جائے گا: صدر و وزیراعظم

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مستونگ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا جلد قلع قمع کیا جائے گا،سکیورٹی فورسز کے جوان ملک کی حفاظت کےلیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز پر فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا جلد قلع قمع کیا جائے گا اور پاکستان کی سلامتی و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
صدر مملکت نے اس بزدلانہ کارروائی کو ریاست پاکستان کےخلاف دشمن عناصر کی مایوس کن سازش قراردیا اور میجر محمد رضوان طاہر،نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس کو خراج عقیدت پیش کرتےہوئے ان کے بلند درجات اور اہلِ خانہ کےلیے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کی بروقت اور جرأت مندانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہاکہ جوابی حملے میں دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
بلوچستان دہشت گرد حملہ : میجر سمیت 3 اہلکار شہید
وزیر اعظم شہباز شریف نے مستونگ واقعہ کی مذمت کرتےہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کےلیے دعا کی اور لواحقین کےساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلیے پر عزم ہیں، سکیورٹی فورسز کےجوان ملک کی حفاظت کےلیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی قربانیاں بےمثال ہیں، دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائےگا۔
