دہشتگردوں کوسرحدوں سےاٹھاکربحرہند میں ڈبودیں گے،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہناہے کہ دہشت گردوں کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور نے ایک بار پھر سر اٹھایا ہے، خوارج، ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کا گٹھ جوڑ ملک دشمن عناصر کے اشاروں پر کام کر رہا ہے، مگر جس طرح 2018 میں دہشتگردی کا خاتمہ کیا گیا تھا اسی طرح اس بار بھی اسے مکمل طور پر کچل دیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے غربت،بے روزگاری اور قرضوں کے خاتمے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کی آج جتنی ضرورت ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور اسے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، اگر ان وسائل کو درست سمت میں استعمال کیا جائے تو ملک کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے، قرضوں سے نجات حاصل کرنے اور عوام کو روزگار فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنے عقائد کے مطابق عبادت اور تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے، یہ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کا حصہ ہے۔ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان اور ملکی ترقی میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔
