بین الاقوامی پرواز میں تھائی خاتون نے بچے کو جنم دے دیا

مسقط سے ممبئی جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز اس وقت ایک غیر معمولی واقعے کا منظر بنی، جب ہزاروں فٹ بلندی پر ایک تھائی خاتون نے دورانِ پرواز بچے کو جنم دیا۔
ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، خاتون کو اچانک دردِ زہ شروع ہوا تو طیارے میں موجود ایک نرس اور کیبن کریو نے فوری ردعمل دیتے ہوئے بروقت طبی امداد فراہم کی، جس کے نتیجے میں بچے کی بحفاظت ولادت ممکن ہو سکی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی خاتون کو لیبر پین شروع ہوا، عملے نے اپنی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک محفوظ اور ہمدردانہ ماحول فراہم کیا۔
پائلٹس نے صورتحال سے کنٹرول ٹاور کو فوری طور پر آگاہ کرتے ہوئے ممبئی ایئرپورٹ پر ترجیحی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ جیسے ہی طیارہ لینڈ ہوا، طبی عملہ اور ایمبولینس پہلے سے تیار موجود تھی، جس نے ماں اور نومولود کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
ایئرلائن کے مطابق، ایک خاتون عملہ بھی ماں اور بچے کے ساتھ اسپتال روانہ ہوئی تاکہ ہر ممکن معاونت فراہم کی جا سکے۔
ایئر انڈیا ایکسپریس نے مزید بتایا کہ وہ ممبئی میں تھائی قونصل خانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ماں اور نومولود کی وطن واپسی کو آسان اور محفوظ بنایا جا سکے۔
