اڈیالہ جیل والا خط لکھ کر منتیں کررہاہے مجھے بچالو،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکاکہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے علاوہ ہر جگہ سے اچھی خبریں آرہی ہیں، صرف وہاں سے خط پر خط آرہے ہیں اور منتیں کی جارہی ہیں کہ مجھے بچا لو۔
نارووال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکال دیا ہے، ہم دن رات محنت کرکے عوام کی زندگیوں کو تبدیل کرکے رہیں گے۔ جس نواز شریف کو مارنے اور گرانے کی کوشش کی گئی آج مرکز میں اس کے بھائی اور پنجاب میں بیٹی کی حکومت ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی خدمت کررہی ہے۔
مریم نوازنےکہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جارہی تھیں، آج پاکستان کی معیشت ٹیک آف کررہی ہے۔ عوام گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف نے پاکستان کو مشکلات سے نکال دیا۔ عمران خان کے دور حکومت میں اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی تھی، جبکہ دہشتگردی ملک میں دوبارہ آگئی تھی، لیکن آج سب کچھ اس کے برعکس ہے اور مہنگائی 38 سے 5 فیصد پر آگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں پنجاب سے ایک ہی خبر آتی تھی کہ گوگی یہ کھا گئی اور پنکی وہ کھا گئی، سفارش اور رشوت کے بغیر صوبے میں کوئی کام نہیں ہوتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے ایک سال میں پنجاب میں دن رات ایک کرکے کام کیا، آج صوبے کو صاف ستھرا کیا جارہا ہے، جبکہ روٹی 25 روپے سے 12 سے 13 روپے پر آگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب حکومت غریبوں کو گھر بنانے کے لیے قرضہ دے رہی ہے، جبکہ کسانوں کو کسان کارڈ دیے گئے ہیں، اس کے علاوہ معذور افراد کو ہمت کارڈ فراہم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یوتھ کا نعرہ لگانے والوں نے نوجوانوں کو کیا دیا؟ ہم اسکالر شپس کو بڑھا کر 50 ہزار تک لے کر جارہے ہیں، جبکہ جلد ایک لاکھ لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
