اپوزیشن جماعتوں کاکے پی حکومت کی اے پی سی کےبائیکاٹ کااعلان

 پاکستان پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 تینوں جماعتوں نے صوبائی حکومت کی طلب کردہ اے پی سی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موجودہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔

پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا کا کہنا تھا کہ صوبے میں غیر سنجیدہ حکومت ہے، اور یہ اے پی سی محض نمائشی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان سمیت دیگر معاملات پر ماضی میں بھی بات چیت ہوئی، لیکن کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب حکومت اپنے دھرنوں اور احتجاجی سرگرمیوں سے فارغ ہو جائے تو عوامی مسائل کی طرف توجہ دے۔ پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ وہ 24 جولائی کو ہونے والی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی۔

اسی طرح، عوامی نیشنل پارٹی نے بھی شرکت سے معذرت کی ہے۔ اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے ہی اپنے فیصلے کر چکی ہے، ایسے میں کانفرنس میں شرکت کا کوئی فائدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف بحیثیت سیاسی جماعت اے پی سی بلاتی تو وہ ضرور شرکت کرتے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بھی اے پی سی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی نیت پر سوالات اٹھائے۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اے پی سی امن و امان کے سنگین حالات پر مشاورت کے لیے بلائی گئی ہے، اور جو جماعتیں اس میں شرکت نہیں کر رہیں، وہ عوامی مفاد کو نظرانداز کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر تمام سیاسی جماعتوں کو 24 جولائی کو منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

Back to top button