حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کے پہلے دور کا اعلامیہ جاری

پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان اسپیکر ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ مذاکرتی کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنےپر اتفاق کیا ہے جب کہ مذاکرتی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 2 جنوری کو ہو گا،جب کہ آئندہ اجلاس میں اپوزیشن اپنا چارٹرڈ آف ڈیمانڈ دےگی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے مذاکرات کے اختتام پر حکومتی کمیٹی کے رکن سینیٹر عرفان صدیقی نے اجلاس کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا،ان کا کہنا تھاکہ اسد قیصر نے بتایاکہ اپوزیشن کے کچھ ارکان عدالتی مقدمات اور ملک سے باہر ہونے کے باعث ہنگامی اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ دونوں مذاکراتی کمیٹیوں نے خیر سگالی کا اظہار کرتےہوئے آج کے اجلاس کو نہایت مثبت پیش رفت قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ پارلیمنٹ مسائل حل کرنے کا اہم فورم ہے اور مذاکراتی عمل جاری رہناچاہیے۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کمیٹی نے اپنے ابتدائی مطالبات کا خاکہ پیش کیا،طے پایا کہ اگلی ملاقات میں اپوزیشن کمیٹی تحریری طور پر اپنے مطالبات اور شرائط پیش کرےگی تاکہ اس دستاویز کی روشنی میں بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکے۔
حکومتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے اجلاس کا اعلامیہ پڑھتے ہوئے کہاکہ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں نچھاور کرنےوالے شہداء کےلیے فاتحہ خوانی کی گئی اور اس پختہ عزم کا اظہار کیاگیاکہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں ہم سب قوم کے شانہ بشانہ کھڑےہیں۔
اعلامیہ میں مزید کہاگیاکہ دونوں مذاکراتی ٹیموں نے اسپیکر ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا اور حکومتی کمیٹی کےقیام اور مذاکرات کے عملی آغاز کےلیے ان کی کوششوں کو سراہا جب کہ باہمی مشاورت سے طے پایا کہ اگلا مذاکراتی اجلاس 2 جنوری کو ہوگا۔
قبل ازیں مذاکرات کے دوران حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اسحٰق ڈار نے پی ٹی آئی سے شکوہ کیاکہ حکومت جب بھی مذاکرات کی بات کرتی تو دوسری طرف سے ٹویٹ آجاتا ہے۔
جس پر اپوزیشن کمیٹی کے رکن اسد قیصر نے اتفاق کرتےہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کور کمیٹی میں اس مسئلے پر تفصیلی بات کی ہے اور اس عمل کی مذمت بھی کرتے ہیں۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاکہ حکومتی اور اپوزیشن لیڈر شپ کا شکر گزار ہوں،دونوں نے مثبت طریقے سے گفتگو کی اور بہت مثبت ماحول میں گفتگو ہوئی،آج کچھ ماضی اور کچھ حال کی باتیں ہوئیں۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھاکہ ماحول اچھا تھا اور امید نظر آتی ہے سب ملکر کوشش کررہے ہیں، مذاکرات سے ملکی مسائل حل ہوں گے،بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے جب کہ جمہوریت اور معیشت کا استحکام ملک کےلیے بہتر ہے۔
کوشش ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں : اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ آج اپوزیشن کے کچھ ارکان تشریف نہیں لاسکے، جس کی وجہ سے مطالبات پیش نہیں کیے جاسکے، 2 جنوری کو دوبارہ ملاقات ہوگی، کمیٹیوں کے ارکان آئندہ اجلاس میں اپنے مؤقف پیش کریں گی۔
