اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی میت ورثا نے وصول کرلی

اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی میت ورثا نے وصول کرلی ہے، جس کے بعد وہ مرحومہ کی میت لے کر لاہور روانہ ہوگئے۔
اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر نے کراچی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حمیرا اپنی مرضی سے کراچی میں رہ رہی تھیں، کئی بار رابطے کی کوشش کی، حمیرا سے رابطہ نہ ہوسکا۔
بھائی نوید اصغر نے کہا کہ حمیرا کی موت کیسے ہوئی؟ ابھی مکمل رپورٹ آنی ہے، واقعہ کی تفتیش جاری ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ مالک مکان کا انٹرویو تک نہیں کیا گیا۔
مرحومہ حمیرا اصغر کے انتقال کے بعد اہل خانہ پر لا تعلقی کے الزامات سامنے آئے، تاہم ان کے بھائی نوید اصغر نے وضاحت کی ہےکہ وہ مسلسل رابطے میں تھے اور والد نے صرف ذہنی دباؤ کے باعث وہ بیان دیاتھا۔
نوید اصغر نے کہا کہ ان کی بہن حمیرا خوددار تھی، اللہ اس کی مغفرت فرمائے اور آگےکی منازل آسان کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ خبر غلط ہے کہ ہم نے اپنی بہن سے لاتعلقی اختیار کر رکھی تھی،ہم گزشتہ تین روز سے پولیس سے مسلسل رابطے میں تھے اور ہمیں میت وصول کرنے آنا تھا،چونکہ قانونی کارروائی میں وقت لگتا ہے، اس لیے اب میت وصول کی ہے۔
مرحومہ حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر کے مطابق حال ہی میں ان کی چھوٹی پھپھو کا ٹریفک حادثے میں انتقال ہوا تھا، جس کی وجہ سے والد اور والدہ شدید پریشان تھے، اس دوران حمیرا کے انتقال کی خبر آئی،جس کےبعد مسلسل فون کالز آنے لگیں،والد نے اسی پریشانی میں میت وصول کرنے سے انکار کیا، کیوں کہ وہ ذہنی طور پر شدید دباؤ میں تھے۔
نوید اصغر کا کہنا تھا کہ ان کی بہن خودمختار تھی اور اپنی مرضی سے شوبز میں آئی تھی، لیکن والدین کا پوچھ گچھ کرنا ایک فطری امر ہے کیوں کہ اولاد پر نظر رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔
نوید اصغر نے کہا کہ والدہ کا بہن سے تقریباً ایک سال سے رابطہ نہیں تھا، آخری بار والدہ نے بات کی تو رہائش کے بارے میں بھی پوچھاتھا،لیکن حمیرا نے کچھ نہیں بتایا،گزشتہ چھ ماہ سے تو والدہ کی بھی ان سے کوئی بات نہیں ہوئی،اس کا فون بند تھا اور ہم نے کئی بار معلومات لینے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے،والدہ کو اس کے رہائش کے علاقے کا بھی علم نہیں تھا۔
ان کاکہنا تھاکہ میڈیا مسلسل ہماری فیملی پر بحث کررہا ہے،جب کہ میڈیا کو کیس کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات کرنی چاہیے، میڈیا کو مالک مکان سے بھی سوالات کرنے چاہئیں،یہ بھی معلوم کرنا چاہیے کہ دروازہ کیسے کھلا؟ مالک مکان نے اتنے عرصے سے رابطہ کیوں نہیں کیا؟
انہوں نےکہا کہ میڈیا میں ہمارے خاندان سے متعلق خبروں کی وجہ سے والدہ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں،ہم یہ سوال بھی کرتےہیں کہ کیا کوئی تالا توڑ کر اندر داخل ہوا؟ جہاں حمیرا رہائش پذیر تھی، وہاں کیمرے کیوں نہیں تھے؟ اگر سی سی ٹی وی موجود ہوتے تو حقائق فوری سامنے آ سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بہن کی لاش اس کنڈیشن میں نہیں کہ کچھ کہا جائے،فرانزک رپورٹس آئیں گی تو اس کے بعد اپنا لائحہ عمل بتائیں گے۔
پاکستانی شناخت پر معصوموں کا قتل ناقابل معافی جرم ہے : وزیر اعلیٰ بلوچستان
یاد رہے کہ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ اداکارہ کے والد نے میت وصول کرنے سے انکار کردیا ہے، تاہم بعد میں ان کے بہنوئی نے میت وصول کرنے کےلیے پولیس سے رابطہ کیا، تاہم پولیس نے مؤقف اختیار کیاکہ میت صرف خونی رشتہ دار کے حوالے کی جائےگی۔
گزشتہ روز اداکارہ حمیرا کے بھائی نوید اصغر، میت وصول کرنے کےلیے کراچی پہنچے،انہوں نے پولیس سے رابطہ کر کے قانونی کارروائی مکمل کی، جس کے بعد میت ان کے حوالے کر دی گئی۔
