40ارب کی اووربلنگ کابوجھ عوام پرنہیں ڈالا،وزیرتوانائی

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کاکہناہے کہ 40 ارب روپے کی اوور بلنگ کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالا گیا اور قومی سطح پر بجلی کی قیمت میں نمایاں کمی آئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہاکہ حکومت نے آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے ذریعے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی ہے اور پہلی بار میرٹ پر فیصلے کرتے ہوئے مستقبل کے 8 ہزار میگاواٹ کے مہنگے منصوبے ختم کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں ملک کو 17 ارب ڈالر سے زیادہ کی بچت کا تخمینہ ہے۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ نیپرا کی رپورٹ اگست 2025 میں جاری ہونا چاہیے تھی تاہم ناکافی اعداد و شمار کی وجہ سے اس رپورٹ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، یہ رپورٹ پاور سیکٹر کے درست منظرنامے کو پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں ہونے والے نقصانات عام صارف پر نہیں ڈالے جاتے اور اصلاحات کے ذریعے مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔بجلی صارفین کو اپنے میٹر کی خود ریڈنگ کا اختیار دیا جا چکا ہے جبکہ جدید ترین سمارٹ فون ایپلی کیشن ’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘ اب تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

وزیرتوانائی نے بتایا کہ جون 2023 تک کے الیکٹرک کی عدم ادائیگی سے سرکلر ڈیٹ میں 640 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

اویس لغاری نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہاکہ مارچ 2024 میں بجلی کی قومی اوسط قیمت 53.04 روپے فی یونٹ تھی جبکہ دسمبر 2025 میں یہ قیمت کم ہو کر 42.27 روپے فی یونٹ رہی۔

Back to top button