کابینہ نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل کی منظوری دیدی
وفاقی کابینہ نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل اور اسلام آباد کی حدود میں نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کا خانہ شامل کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی وفاقی وزارت صحت اور وفاقی وزارت داخلہ کو پارا چنار میں ادویات کی قلت کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے اور اس حوالے خیبر پختونخوا حکومت سے رابطہ قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے وفاقی وزارت صحت کو پارا چنار میں ادویات کی قلت فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل منظور کر لیا۔ جس کے بعد اسے منظوری کیلیے پارلیمنٹ بھیجا جائے گا-
کریمنل پروسیجر ترمیمی بل میں ترامیم کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کے نظام کو آسان اور سہل بنایا گیا ہے۔ ملزم سے تفتیش کے لئے پولیس افسر جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آلات اور فرانزک طریقہ کار کا استعمال کر سکے گا۔
ان ترامیم کے تحت گواہان کے آڈیو -وڈیو بیانات ریکارڈ کروائے جا سکیں گے۔ مزید برآں ترمیمی بل میں تفتیش کے دوران پراسیکیوٹر کے کردار کو مضبوط کرنے کے حوالے سے شقیں شامل کی گئی ہیں۔ پراسیکیوٹر، پولیس رپورٹ میں کسی بھی کمی و نقص کی نشاندہی کر سکے گا۔
ترامیم کے تحت خواتین، بارہ سال سے کم اور 70 سال سے زائد مرد ، جسمانی اور ذہنی معذوری کا شکار افراد اپنی سہولت کی جگہ پر بیان ریکارڈ کروا سکیں گے۔
ترامیم کے تحت ٹرائل کورٹ مقدمے کا فیصلہ ایک سال کے اندر کرے گا اور تاخیر کی صورت میں متعلقہ ہائی کورٹ سے جوابدہی ہو گی۔ مزید برآں اپیلیٹ کورٹ کسی بھی اپیل پر 6 ماہ سے ایک سال کے اندر فیصلہ سنانے کی پابند ہو گی۔
علاوہ ازیں پولیس تفتیش میں بے گناہی اور ڈسچارج رپورٹ کی تیاری کی صورت میں ملزم ضمانت کا حق دار ہو گا۔
وفاقی کابینہ کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے وفاقی وزارتوں ڈویژنز میں ای-آفس کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
شرکا کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے 18 ڈویژنز میں ای۔آفس کا 100 فیصد نفاذ کیا جا چکا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ وفاقی حکومت میں ای آفس پر اس بڑےپیمانےپرکام کیا گیاجو کہ پیپر لیس اکانومی کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
شرکا کو مزید بتایا گیا کہ اگر ای آفس کانفاذ کلی طور پر کیا جائے تو اس سے اسٹیشنری اور پیٹرول کی بچت کی مد میں230 ملین روپے تک کی بچت کا امکان ہے۔
وزیراعظم نےوزیر مملکت برائےانفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے حکام کو سراہتےہوئےانہیں خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے ان تمام ڈویژنز کےوزراء اور سیکریٹریز کی کارکردگی کو سراہا جہاں ای آفس کا نفاذ 100 فیصد کیا جاچکا ہے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیو میٹرک پالیسی فریم ورک 2024 کی منظوری دیدی۔ اس کے علاوہ کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر انٹلیکچول پراپرٹی ٹریبیونل ، کوئٹہ کے قیام کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نےوزارت قانون و انصاف کی سفارش پر 20 دسمبر 2018 کی ثالثی کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے کنونشن برائے بین الاقوامی تصفیہ جات کے معاہدوں پر دستخط کی منظوری دیدی۔
وفاقی کابینہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کےایچ آرمنیجر ارباب انس کی ملازمت سے برخاستگی کے خلاف دائر کی گئی اپیل مسترد کر دی اوروزارت پیٹرولیم کی سفارش پر بھاری کثافت والے دھماکا خیز مواد کی تیاری کےلائسنزکےحوالے سے ایکسپلوسوز رولز 2010 کے فارم ای ایل01 میں ترامیم کی منظوری دےدی۔-
وفاقی کابینہ نے وزارت توانائی، پاورڈویژن کی سفارش پر ضلع اپر کوہستان، ضلع لوئر کوہستان اور ضلع کولائی پالس کوہستان کی پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی سے ہزارہ الیکٹرک پاور کمپنی منتقلی کی منظوری دے دی-
وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی اموراوربین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی حدود میں نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف کی شق شامل کرنے کی منظوری دیدی۔