آٹی ٹی پارک کی تعمیر سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کے تعمیر سے ملکی آئی ٹی برآمدات  میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے منصوبوں، آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کے نفاذ اور ڈیجیٹائیزیشن پر جائزہ اجلاس ہوا ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد آئی ٹی پارک کے منصوبے پر اب تک پیش رفت  کو اطمینان بخش قرار دیدیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کورین ماہرین سے مشاورت کے بعد اس کی تعمیراتی مدت میں مزید کمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورین کمپنی نے آئی ٹی پارک کی تکمیل کی مدت کو جون 2025 سے کم کرکے فروری 2025 کر دیا ہے۔اسلام آباد آئی ٹی پارک پر چوبیس گھنٹے کام جاری ہے، سی ڈی اے کی ٹیمیں کام کی نگرانی کیلئے باقائدگی سے سائیٹ کا دورہ کر رہی ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ 25ارب  ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے آئی پارک ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

وزیراعظم کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد سے ڈیجیٹل اسمارٹ سٹیز کے پائلٹ پراجیکٹ کا اجراء کیا جا رہاہے۔شہریوں کو اسلام آباد سٹی سپر ایپلیکیشن کے ذریعے 150 سروسز کی آسان رسائی ہوگی۔موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے حکومتی و انتظامی خدمات بشمول، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اسلام آباد پولیس، صحت اور تعلیم کی سروسز میسر ہونگیں۔

 شہبازشریف نے کہا کہ شہریوں کو حکومتی خدمات کیلئے موبائل ایپلی کیشن کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی گزشتہ پانچ ماہ کی کارگردگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایاگیا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت گزشتہ برس کی نسبت آئی ٹی برآمدات میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا۔گزشتہ پانچ ماہ میں تین لاکھ طلباء آئی ٹی اسکلز کے پروگرامز میں تربیت کیلئے رجسٹر ہوئے، 4 نئے انکیوبیشن سینٹر کا اجراء کیا گیا۔

اجلاس کو آئی ٹی شعبے کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری اور ان سے آئی ٹی برآمدات میں مرحلہ وار اضافے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

Back to top button