ملک کے 5 بڑوں کو اعتماد سازی کےلیے مل بیٹھنے کی ضرورت ہے : رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے تجویز دی ہے کہ صدر، وزیر اعظم اور عمران خان سمیت 5 بڑوں کو اعتماد سازی کےلیے آپس میں مل بیٹھنے کی ضرورت ہے۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اداروں کی قیادت کے خلاف کردار کشی کی مہم بند کرے تو عمران خان سے ملاقات کا راستہ نکل سکتا ہے۔
سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہاکہ جن سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اداروں کےخلاف مہم چلائی جاتی ہےان کو بند کیا جانا چاہیے،پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر جان نہیں چھڑا سکتی کہ ان اکاؤنٹس پر ان کا کوئی کنٹرول اور تعلق نہیں۔پی ٹی آئی قیادت کو ان اکاؤنٹس سے اظہار لا تعلقی اختیار کرکے بند کرنا چاہیے،اگر ان اکاؤنٹس سے صرف پروپیگنڈا ہی کرنا ہےتو مخالف سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کے خلاف کریں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 8 فروری کی اپیل ناکام ہوگی،پی ٹی آئی پہیہ جام نہیں کر پائے گی اور اس کے مزید نقصانات ہوں گے۔8 فروری کو پہیہ جام کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کو ایسا دھرلیا جائے گا کہ یہ پھر گلہ کریں گے،پی ٹی آئی احتجاج کی کال کو واپس لے۔
رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ کا کہنا تھاکہ ملک کے 5 بڑے ہیں ان کے درمیان اعتماد بڑھانے کےلیے اقدامات ہونے چاہئیں،رابطہ ہونا چاہیے،اگر یہ رابطہ ہوا تو صورت حال بہتر سمت میں آگے بڑھ سکتی ہے۔ان 5 بڑوں میں نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری،عمران خان اور ایک اور شخصیت ہیں،جب تک ان 5 شخصیات کے درمیان اعتماد سازی کےلیے اقدامات نہیں ہوں گے تو بریک تھرو نہیں ہوگا،میرے اور عامر ڈوگر کے رابطوں سے بریک تھرو نہیں ہوگا۔
