9مئی کے سربراہ کا جرم ناقابل معافی،سزاضرور ہوگی،عطا تارڑ

وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ9مئی کے سربراہ کا جرم ناقابل معافی ہے،سزا تو ضرور ہوگی۔

لاہور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ہمیشہ ملک میں ترقی ہوئی، دوست ممالک کے سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں۔ملکی معیشت آج بہتری کی جانب گامزن ہے اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، روپیہ مستحکم ہے اور اسٹاک مارکیٹ اوپر جارہی ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ نومئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، پی ٹی آئی والوں نے ملک کے دفاع اورسالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔

 عطا تارڑ نے کہا کہ  سیاست کی آڑمیں ملک پر حملے کئے گئے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، سیاسی دہشت گردی نہیں چلے گی، سیاست تہذیب و تمدن کے دائرے میں رہ کرکی جائے۔

واضح رہے کہ وزیردفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اقتدارکیلئےامریکی کندھوں کواستعمال کرنا چاہتے ہیں۔

لندن میں نیوز کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی عدالتوں نے جن 25 افراد کو سزائیں سنائیں ان کی ویڈیوز موجود ہیں۔9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا معاملہ عدلیہ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ عدلیہ کےلیے باعث شرم ہے، 2018 میں پی ٹی آئی کو آر ٹی ایس بٹھا کر اقتدار میں لایا گیا۔اس وقت جنرل باجوہ مائنس نوازشریف پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جب اقتدار سے محروم ہوئے تو امریکا ایبسلوٹلی ناٹ ہوگیا، اب وہ امریکا کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔

Back to top button