بجٹ کے اگلے روز اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی، انڈیکس 1 لاکھ 24 ہزار کا سنگ میل عبور کرگیا

وفاقی بجٹ کے اگلے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا۔ 100 انڈیکس میں 2000 پوائنٹس سے زائد اضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 24 ہزار کا سنگ میل عبور کرگیا۔
گزشتہ روز آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کےبعد آج بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور سرمایہ کار پر اعتماد دکھائی دیے۔
کاروبار کے آغاز پر اسٹاک ایکس چینج کے 100 انڈیکس میں 1571 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 123596 پر پہنچ گیا۔
کاروبار کے دوران مارکیٹ میں مزید تیزی دیکھنےمیں آئی اور انڈیکس مجموعی طور پر 2101 پوائنٹس اضافے سے 124126 پر پہنچ گیا۔
ماہرین کےمطابق یہ اضافہ ملکی معیشت میں بہتری کی توقعات،حکومتی معاشی پالیسیوں، اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے بڑھتےہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ مارکیٹ میں نمایاں تیزی کے دوران بینکنگ،آئل اینڈ گیس،سیمنٹ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں غیرمعمولی سرمایہ کاری دیکھی گئی۔
بجٹ میں جتنا ریلیف دے سکتے تھے دیا ہے : وزیر خزانہ
تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ آئندہ دنوں میں مزید بلندیوں کو چھوسکتی ہے۔دوسری جانب سرمایہ کاروں میں مثبت جذبات کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی دیکھی جارہی ہے۔
