اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کا دن، آج کوئی بھی ملنے نہ آیا
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج ملاقات کا دن تھا تاہم کوئی بھی ان سے ملنے نہ آیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ دورانِ قید آج پہلی بار ایسا ہوا، جو گزشتہ ڈیڑھ برس میں نہیں ہوا۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا آج جیل میں ملاقات کا دن ہونے کے باوجود انہوں نے دن بھر تنہائی میں گزرا۔ ڈیڑھ سالہ قید کے دوران پہلی بار ایسا ہوا کہ عمران خان سے ملنے کوئی بھی نہیں آیا۔ تاہم حیران کن طور پر پارٹی رہنما، فیملی ممبر یا کوئی وکیل بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل نہیں آیا۔
اسی طرح حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کا کوئی رکن بھی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے آج نہیں پہنچا۔
واضح رہے کہ منگل اور جمعرات بانی پی ٹی آئی عمران خان سے معمول کی ملاقات کے دن مقرر ہیں، تاہم کسی کے بھی ملنے نہ آنے کی وجہ سے انہوں نے پورا دن انتظار اور تنہائی میں گزرا۔ جیل مینول کے مطابق آج ملاقاتوں کا وقت بھی ختم ہوگیا۔
اہم بات یہ ہے کہ اس سے قبل ملاقات کی اجازت ملنے یا نہ ملنے کے باوجود پارٹی رہنما اور وکلا اڈیالہ جیل پہنچ جاتے تھے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے کوئی ملنے نہیں آیا۔ دوسری جانب پارٹی رہنما خود پہلی مرتبہ ملاقات کی اجازت ملنے کا انتظار کرتے رہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا کاکہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد مذاکرات کی اگلی نشست ناممکن نظرآرہی ہے۔عمران خان کی جانب سے پیغام ملا تھا کہ مطالبات تحریری صورت میں حکومت کے حوالے کے جائیں ۔