پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا، عطاتارڑ

وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فاشسٹ اور شرپسند جماعت ہے، پابندی کےحوالے سےفیصلہ قانون کے مطابق ہوگا۔
عطاتارڑ کانجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتےہوئےکہنا تھا کہ جن کا لیڈر طالبان کا حامی ہو اور ان کو اپنا دوست قرار دیتا ہو، ان کو ملک میں واپس لانے اور ملک میں دہشت گرد حملوں کو فروغ دینے میں اس کا کردار ہو۔تحریک انصاف پر پابندی کی جو باتیں ہو رہی ہیں تو وہ اس لیے ہو رہی ہیں کہ پرو دہشتگرد جماعت ہے، پرو ٹی ٹی پی جماعت ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات، قومی املاک پر حملے، شہدا کی یادگاروں پر حملے، ایسا دشمن نے بھی آج تک نہیں کیا، پی ٹی آئی نے لبادہ سیاسی جماعت کا اوڑھا ہوا ہے اور کام دہشتگردوں والے ہیں، پی ٹی آئی کی پوری تاریخ اس طرح کے واقعات کے ساتھ بھری پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو بہت موقع دیا بات چیت کے لیے مگر پی ٹی آئی والے بات کو سمجھ نہیں پاتے، جب بھی پی ٹی آئی پر پابندی حوالے سے کوئی فیصلہ ہو گا تو اس کا قانونی جواز ہو گا، یہ فیصلہ جب بھی ہو سیاسی نہیں ہو سکتا، اس کا قانونی جواز ہو گا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں کبھی کسی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا کہ وہ پاکستان کی امداد نہ کرے، کوئی سیاسی لیڈر یا جماعت ملک سے بڑی نہیں ہے، کبھی اتنے برے طریقے سے فوج کے ادارے کو ٹارگٹ نہیں کیا گیا جیسے پی ٹی آئی کر رہی ہے، اس کو مسلم لیگ ن کی قیادت بڑی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔
