الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔

بیان کے مطابق قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کی سات نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیے گئے۔

قومی اسمبلی کے لیے این اے 18 ہری پور سے بابر نواز خان، این اے 104 فیصل آباد سے دانیال احمد، این اے 129 لاہور سے محمد نعمان، این اے 143 سے محمد طفیل اور این اے 185 سے محمود قادر خان کی کامیابی کی توثیق کر دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ این اے 96 فیصل آباد سے طلال چوہدری کے بھائی بلال بدر کامیاب قرار پائے تھے، تاہم ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن فی الحال روک دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کی سات نشستوں پر کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن بھی جاری کیے گئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب امیدواروں میں شامل ہیں:
پی پی 73 سے میاں سلطان علی، پی پی 87 سے علی حیدر نور، پی پی 98 سے آزاد علی تبسم، پی پی 115 سے محمد طاہر پرویز، پی پی 116 سے احمد شہریار، پی پی 203 سے محمد حنیف اور پی پی 206 سے میاں علمدار عباس۔

واضح رہے کہ قومی و صوبائی نشستوں پر مجموعی طور پر کامیاب ہونے والے 12 امیدواروں کا تعلق مسلم لیگ (ن) جبکہ ایک امیدوار پیپلز پارٹی سے ہے

Back to top button