عمران خان کے رویے پر پوری قوم کو جواب دینا چاہیے،وزیردفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے رویے پر پوری قوم کو جواب دینا چاہیے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں کیونکہ پاکستان ہماری ذات، انا اور سیاست سے مقدم ہے۔ اگر کوئی فردِ واحد اپنے مخصوص مفادات کی تکمیل کے لیے ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار بن کر ریاست اور اس کے اداروں کو نشانہ بنائے تو ایسے شخص کو بیمار ذہن کہنا بالکل حق بجانب ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور ان کی قیادت میں تفریق ڈالنے کی کوشش قابلِ مذمت ہے، اڈیالہ میں بیٹھے مجرم کو کسی صورت ملکی استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کہاکہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں دیے جانے والے ردِعمل کے پیچھےاسی شخص اور اس کے حواریوں کی وہ مسلسل نفرت انگیز ہرزہ سرائی ہے جس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہاکہ ریاستِ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی امین افواجِ پاکستان اور ان کی قیادت میں تفریق ڈالنے کی کوشش قابلِ مذمت ہے۔ ملکی وقار، خودمختاری اور قومی سلامتی کے منافی کوئی کوشش کسی بھی سطح پر کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ اڈیالہ میں بیٹھے مجرم کو کسی صورت ملکی استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ عمران خان کے رویے پر پوری قوم کو جواب دینا چاہیے، یہ ایسا شخص ہے جو اقتدار کے لیے کسی کو بھی باپ بنا لیتا ہے، اس شخص کو اقتدار کے علاوہ کچھ نظر نہیں آ رہا۔
