سول نافرمانی کی تحریک کا حتمی فیصلہ کل ہوگا،پی ٹی آئی
تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک کاحتمی فیصلہ کل عمرا ن خان کریں گے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ عمران خان کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق سول نافرمانی کی تحریک کا فیصلہ ابھی تک تبدیل نہیں ہوا۔حکومت کی جانب سے آج مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، سول نافرمانی کی تحریک صرف عمران خان ہی واپس لے سکتے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ کل ہمارے لوگوں کی ملاقات ہوگی، ہمیں کل ہی اندازہ ہوجائے گا کہ حکومت مسائل حل کرنے میں کس حد تک سنجیدہ ہے۔
رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ کل حکومتی کمیٹی سے ملاقات کے بعد ہماری کمیٹی کی خواہش ہے کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی جائے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ ہم حکومت کی کمیٹی سے ملاقات کے بعد عمران خان کو پیش رفت سے آگاہ کریں گے، جب تک عمران خان سول نافرمانی کی کال کا فیصلہ نہیں کرتے تب تک کال موجود ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان برقرار ہے، اگر مذاکرات کے دوران حکومت نے سنجیدگی دکھائی تو اس حوالے سے کوئی بڑا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
شوکت یوسف زئی نے کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت کل اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرکے پیش رفت سے آگاہ کرے گی جس کے بعد وہ کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے حکومتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دونوں کمیٹیوں کو کل دن ساڑھے گیارہ بجے ملاقات کے لیے بلا لیا ہے۔