سی پیک کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے،احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرا مرحلہ صنعتی تعاون، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سماجی ترقی پر مرکوز ہے۔

وفاقی وزیراحسن اقبال کاپاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کے بعد گفتگو میں کہنا تھا کہ گوادر کی ترقی اور خصوصی اقتصادی زونز کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے چین کے ساتھ شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی پیک کے جاری منصوبوں کو خطے کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرا مرحلہ صنعتی تعاون، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سماجی ترقی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے میں معاشی استحکام، تعاون اور رابطوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سی پیک منصوبوں کے تحفظ اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی مکمل تجارتی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے، جب کہ گوادر اور اس کے اطراف موجود معدنی وسائل کو جدید انفرااسٹرکچر کے ذریعے بروئے کار لایا جائے گا۔

زراعت کے شعبے میں چین کے ساتھ جاری تعاون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین سے تربیت حاصل کرنے والے پاکستانی زرعی ماہرین مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

احسن اقبال نے پاکستان اسپیس سینٹر کے قیام کو قومی اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی جلد تکمیل میں چین کا تعاون کلیدی ہوگا۔

Back to top button