خالدہ ضیا کی نماز جنازہ ادا،پاکستان کی جانب سے سپیکرقومی اسمبلی کی شرکت

بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیر اعظم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ ڈھاکا میں ادا کر دی گئی۔پاکستان کی جانب سے  سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کی۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے خالدہ ضیاء کے صاحبزادے طارق رحمان اور صاحبزادی سے ملاقات کی اور ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طارق رحمان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے مرحومہ کی سیاسی خدمات اور بنگلہ دیش کی سیاست میں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ایاز صادق کی جنازے میں شرکت کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی اور سفارتی روابط کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور تعلقات کو فروغ دینے کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔

چیف ایڈوائزر بنگلادیش ڈاکٹر محمد یونس بھی اس موقع پر موجود تھے، جبکہ حکومتِ پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق ایاز صادق نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے خالدہ ضیا کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

نماز جنازہ میا مانک ایونیو میں بنگلادیش کی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ادا کی گئی، جس میں سیاسی رہنماؤں کے علاوہ ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

خالدہ ضیا کو ان کے شوہر اور سابق صدر بنگلادیش ضیا الرحمان کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ خالدہ ضیا بنگلہ دیش کی نمایاں سیاسی شخصیت اور دو مرتبہ ملک کی وزیر اعظم رہ چکی تھیں، جن کا شمار جنوبی ایشیا کی بااثر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔

یاد رہے کہ دو مرتبہ بنگلادیش کی وزیر اعظم رہنے والی خالدہ ضیا کا انتقال دو روز قبل ڈھاکا کے ہسپتال میں ہوا تھا۔ وہ 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی وزیراعظم رہیں۔

Back to top button