حکومت نے آئی ایم ایف کو پراپرٹی پر ٹیکس رعایت دینے کیلئے رضامند کر لیا

آئی ایم ایف نےاصولی طور پر ایف بی آر کی درخواست پر پراپرٹی کی خریداری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح اپریل 2025 سے 2 فیصد کم کرنے کی جزوی رعایت دینے پررضامندی ظاہر کردی ہے تاہم فروخت کنندگان پرعائد ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح برقرار رہے گی۔
آئی ایم ایف نےپراپرٹی خریداروں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کم کرنےپربھی اتفاق کیا ہے جبکہ فروخت کنندگان سے یہ ٹیکس بدستور وصول کیا جائےگا۔اسی طرح، ایف بی آر کی درخواست پر رواں ماہ (مارچ 2025) کا ٹیکس ہدف 60 ارب روپےکم کرنے پربھی آئی ایم ایف نے اتفاق کیا ہے۔
رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کے لیے ایک بڑی اور طویل عرصے سے منتظر پیش رفت میں، حکومت نے آئی ایم ایف کو قائل کر لیا ہےکہ وہ خریدار کے لیےود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 2 فیصد کم کرے۔
پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان جمعہ کی رات ورچوئل ملاقات ہوئی اورپاکستانی حکام کاکہنا تھا کہ یہ پیشرفت میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز (MEFP) پر اتفاق رائے اورعملےکی سطح پر معاہدے (SLA) کی راہ ہموار کرے گی،جس کا امکان ہے کہ اگلے ہفتے تک طے پا جائے گا۔
عمران خان اگر 9 مئی پر معافی مانگ لیں تو رہائی ممکن ہے : رانا ثنا اللہ
پراپرٹی پر ٹیکس میں کمی کے معاملے پرایف بی آر نے آئی ایم ایف سے درخواست کی کہ فروخت کنندہ اورخریدار دونوں پرعائد ود ہولڈنگ ٹیکس (236C اور 236K) میں کمی کی جائے۔ اب آئی ایم ایف نے صرف 236K کےتحت خریدار کے لیےٹیکس کی شرح 2 فیصد کم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
آئی ایم ایف نےبجلی کےشعبےمیں سرکلر ڈیٹ کے مسئلے کو کم کرنے کےلیے بینکوں سے 1257 ارب روپے اکٹھا کرنے کی اجازت بھی دےدی ہے۔
ادھروفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ چل رہا ہے‘اسٹاف لیول معاہدے پر اتفاق رائےکیلئےحتمی کوششیں جاری ہیں مذاکرات کی کامیابی میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں‘ جلد اچھی خبر ملے گی ‘بڑھتی آبادی اورموسمیاتی تبدیلی سےمعیشت کو شدیدخطرہ لاحق ہے۔’
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد عالمی برادری کی جانب سے 10ارب ڈالر فراہمی کے وعدے میں سے صرف ایک تہائی رقم ہی موصول ہوئی ہے، حکومت نے آئی ایم ایف سےکلائمیٹ ریزیلینس فنڈ (CRF) کے لیے رجوع کیا ہے اوراس پر مثبت جواب ملا ہے، آئندہ دنوں میں اس حوالے سےمزید پیشرفت سامنے آئے گی۔