عمران خان کی بینائی جانےکی ذمہ دارحکومت ہے،ناصرعباس

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ایک آنکھ کی 85 فیصد بینائی چلی گئی اس کی ذمہ دار حکومت ہے۔

پریذائیڈنگ افسر سینیٹر وقار مہدی کی زیرِ صدارت سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔

اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے ایوان کے معمول کے ایجنڈے کی کارروائی معطل کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق بات چیت کرنا چاہتے ہیں، ایوان کی کاروائی کو معطل کیا جائے۔

ایوان میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی  عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔

راجہ ناصرعباس نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر بیرسٹر سلمان صفدر نے ملاقات کرکے رپورٹ جمع کروائی ہے، اس رپورٹ کے مطابق اپریل تک بانی پی ٹی آئی عمران خان  کی صحت ٹھیک تھی اس کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان  نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو اس صورتحال کے بارے میں بتایا تین ماہ تک ان کی اس بیماری پر کچھ نہیں کیا گیا جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کی ایک آنکھ کی بینائی بالکل چلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران  خان کا پمز ہسپتال میں اس ڈاکٹر سے علاج کروایا جو اس مرض کا ڈاکٹر ہی نہیں تھا، ان کو پمز اسپتال سے انجکشن لگوایا گیا، اس انجکشن کے بعد بھی بانی پی ٹی آئی کو ایک آنکھ کی 85 فیصد بینائی چلی گئی، انسان کی ایک آنکھ ضائع ہونے کی دیت فقہ میں آدھے انسان کی دیت کے برابر ہے۔ ان کی اس بیماری کی ذمہ دار حکومت وقت ہے، راولپنڈی اسلام آباد میں اس بیماری کے دو ہی ڈاکٹر ہیں ڈاکٹر عامر اور ڈاکٹر مظہر سہیل، ان سے علاج کروایا جائے، ان کی آنکھ کی اتنی بینائی چلی گئی یہ جرم ہوا ہے، اڈیالہ جیل پنجاب کی حدود میں آتا ہے، پنجاب حکومت ذمہ دار ہے، اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں ںے کہا کہ ظالم جو بھی ہو اس کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے، کوئی انسان اسے جائز قرار نہیں دے سکتا، جو بھی اس جرم کے حق میں عذر لائے گا وہ بھی ظالم ہوگا، ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی تو ملک جنگل بن جائے گا، ہم تمام دنیا کے سفیروں کو اس ظلم پر تحریر بھیجیں گے، یہاں تک معاملات نہ لے کر جائیں کہ باتیں پھر سڑکوں پر ہوں، پھر کتنے لوگوں کو گولی ماریں گے آپ؟ ہم سینوں پر گولیاں کھائیں گے۔

Back to top button