حکومت نےسخت فیصلےکرکےملک کو دیوالیہ ہونےسےبچایا،ایازصادق

سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کاکہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے سخت فیصلے لے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

لاہور کے علاقے لکھو ڈیر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2017 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک منظم سازش کے ذریعے ہٹایا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کا ترقیاتی سفر تعطل کا شکار ہوا۔ ان کے بقول، جو قوتیں ملک کو پیچھے دھکیلنے کی ذمہ دار تھیں، آج وہ خود اپنے کیے کا سامنا کر رہی ہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ 2017 سے 2023 تک کے دوران ملک کو آگے بڑھانے کے بجائے مسلسل پیچھے دھکیلا گیا۔ ان کے مطابق وہ اعلیٰ عدلیہ کے کچھ سابق سربراہان، جو خود کو ناقابلِ احتساب سمجھتے تھے، آج منظر سے غائب ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات عوامی فلاح اور قومی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

سپیکر کا کہنا تھا کہ 2018 میں بیگم کلثوم نواز کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کی گئی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کو مسلسل طنز و تضحیک کا نشانہ بنایا گیا، لیکن آج وہی عناصر انجام کو پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدے پورے نہ کر کے معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا، جبکہ مسلم لیگ ن نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سخت مگر ناگزیر فیصلے کیے، جن سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچا۔

اپنے بیان میں انہوں نے بھارتی جارحیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کر کشیدگی کو ہوا دی، لیکن پاکستانی مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔

Back to top button