مذاکراتی کمیٹی پرحکومت سنجیدگی کامظاہرہ کرے،شاہ محمودقریشی

پاکستان تحریک انصاف کےرہنما شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ حکومتی مطالبےپرمذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے، اب حکومت بھی سنجیدگی کامظاہرہ کرے۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سےغیر رسمی گفتگوکرتےہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،9مئی کوراولپنڈی نہیں کراچی میں تھا۔میں کہتا ہوں کہ انسداددہشت گردی ایکٹ (اےٹی اے) کی دفعہ 16کے تحت 9 مئی پر میرا اور پراسیکیوشن کا حلف لیں،40سال سےعملی سیاست کر رہا ہوں کسی کا ٹکے کا روادار نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلمان اکرم راجامجھےملنےکوٹ لکھپت جیل آئے تھے، میں راولپنڈی تھا، ملاقات نہیں ہو سکی،مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں واحد سیاستدان ہوں، جس نےبلدیاتی،صوبائی اوروفاقی سطح پر سیاست کی ہےمیرا نقطہ نظر ہے کہ پارٹی میں مجھےبھی سناجائے،سیاست میں مشاورت ہوتی ہے اور یہ سنت بھی ہے۔

سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومتی مطالبے پر ہم نے قدم اٹھا کر مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے،اب حکومت بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کا آغاز کرے،ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، سیاسی استحکام کےبغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی بڑھ رہی ہے، روزانہ ہمارے فوجی بچے شہید ہورہےہیں،جو لمحہ فکریہ ہے،بلوچستان میں جس طرح غیر ملکی ہاتھ شورش کو ہوادےرہا ہے وہ بھی لمحہ فکریہ ہے۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا کہ سیاسی استحکام کےبغیر کوئی پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرےگا،ملک میں اعتماد کافقدان ہے، ان چیلنجز کے پیش نظر سیاسی ڈائیلاگ شروع کیا جائے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال ہو گیا،میری ضمانت کا فیصلہ نہیں ہو رہا، میرٹ پر فیصلہ کر دیں،میں کوئی رعائت نہیں مانگ رہا،جب مذاکرات کی بات ہو رہی ہے تو ہمیں بھی حکومت کووقت دینا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سول نافرمانی تحریک ملتوی کرنےکا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے،اب مذاکرات میں پیش رفت ہوئی تو یہ اچھی بات ہوگی، میں نےعمران خان سےگزارش کی تھی کہ حکومت کو وقت دیں تاکہ ان کی سنجیدگی کااندازہ ہو جائے۔

واضح رہےکہ آج انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے9 مئی جنرل ہیڈ کوارٹرحملہ کیس میں سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، شہریار آفریدی سمیت مزید 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔

Back to top button