مسلم دنیا کے عظیم رہنما قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں : محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ  کے یوم پیدائش پر خصوصی میں پیغام کہا کہ مسلم دنیا کے مدبر اور عظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناحؒ  کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ دن پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ویژن کے مطابق عظیم ملک بنانے کے عہد کا متقاضی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اتحاد۔ بھائی چارہ۔ مذہبی رواداری اور بقائے باہمی آج کے دن کا پیغام ہے۔ قائداعظم نے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کی اہمیت پر بہت زور دیا۔

سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ   اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی رواداری کے علمبردار تھے۔ بحیثیت قوم ہمیں اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی رواداری کے فروغ کےلیے قائد اعظم کے اصولوں پر کاربند رہ کر آگے بڑھنا ہے۔ ہمیں قومی مفاد میں ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر وطن عزیز کا سوچنا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قائداعظم نے اپنی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کےلیے تاریخ کا دھارا بدلا۔ قائداعظم ؒ نے  مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور آزاد مسلم ریاست کے خواب کو عملی تعبیر دی۔ قائداعظم کی انتھک جدوجہد کی بدولت آج ہم آزادوطن میں سانس لےرہے ہیں اور بانی پاکستان کا یہ احسان تاقیامت نہیں اتار سکتے۔

 محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی تخلیق میں قائداعظم کا ابدی کردار سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ قائد اعظم نے تحمل،برداشت۔ مساوات اوررواداری پر مبنی معاشرے کا خواب دیکھا تھا ۔ ایسے فلاحی معاشرے کےلیے سب کو مل کر اپنی توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی تاکہ قائد کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ بحیثیت قوم ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے اور یہی قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔

سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قائداعظم جیسے سچے۔ ایماندار اور دیانتدار لیڈر ہی ملکوں کی تقدیر بدلتے ہیں۔ پائیدار ترقی و خوش حالی کی منزل قائد اعظم ؒ کے فرمودات پر عمل پیرا ہونے سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

Back to top button