وفاق پر چڑھائی کرنے یا جلوس لے کر آنے سے ایوان فتح نہیں ہوتا،وزیرقانون

وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ کاکہناہے کہ چڑھائی کرنے یا جلوس لے کر آنے سے ایوان فتح نہیں ہوتا، وقت نے ثابت کیا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کا ایوان چھوڑ کر جانے کا فیصلہ غلط تھا۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ سیاست کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔ چڑھائی کرنے یا جلوس لے کر آنے سے ایوان فتح نہیں ہوتا، وقت نے ثابت کیا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کا ایوان چھوڑ کر جانے کا فیصلہ غلط تھا۔

انہوں نے کہاکہ سیاست اور فسطائیت میں ایک ہی فرق ہے، سیاست میں دلیل سے بات کی جاتی ہے، جبکہ فسطائیت میں انسان کو طاقت کا غرور ہوتا ہے۔

وزیر قانون نے کہاکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، ملک رہے گا تو تمام جماعتیں سیاست کرسکیں گی۔

انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہو گئی لیکن اس کے باوجود لوگوں نے حدود میں رہ کر احتجاج کیا، سرکاری وسائل سے اسلام آباد پر حملہ آور ہونا غیر آئینی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ خدا کے لیے ملک کا سوچیں، اقتدار سے متعلق قومی فلسفے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم گارنٹی دیتے ہیں پارلیمنٹ پر حملہ آور نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ کہا ایوان کو مضبوط کریں، محمود اچکزئی ہماری نظر میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔

Back to top button