آئی سی سی وفد نے چیمپئنز ٹرافی کےلیے پاکستان کے سکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دےدیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے وفد نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کےلیے پاکستان کی جانب سے کیےگئے سکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دےدیا۔

پاکستان کے دورے پر آنے والے آئی سی سی کےوفد میں آئی سی سی کی سینئر منیجر ایونٹس سارہ ایڈگر، ایونٹ منیجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان، سکیورٹی منیجر ڈیوڈ مسکر اور براڈکاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل ہیں۔

دورہ پاکستان کےدوران آئی سی سی وفد نے چیمپئنز ٹرافی 2025  کاجائزہ لینے کےلیے اسلام آباد میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سےملاقات کی جس میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کےحوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

ملاقات میں سکیورٹی کےانتظامات پر بھی بات ہوئی جس دوران آئی سی سی کےوفد نے کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کےلیے کیےجانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی وفد کو چیمپئنز ٹرافی کےلیے عالمی معیار کےانتظامات کی یقین دہانی کروائی ہے، چیئرمین پی سی بی کاکہنا تھاکہ ا سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کاکام چیمپئنز ٹرافی سےقبل ہرصورت مکمل کرلیا جائےگا اور تمام ٹیموں کےلیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔

محسن نقوی نےکہاکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز ہے،جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہےاس کےمطابق انتظامات کو حتمی شکل دےرہے ہیں، تمام ٹیموں کےکھلاڑی پر امن اور محفوظ ماحول میں کرکٹ کےکھیل کو انجوائے کریں گے،گراؤنڈز کی اپ گریڈیشن کےبعد سہولیات عالمی معیار کی ہوں گی۔

سابق سری لنکن کرکٹرپر20سال کی پابندی عائد

Back to top button