اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آ جائے گا ، پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کےسیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہےکہا ہےکہ اوورسیز پاکستانیوں سےترسیلات روکنے کی اپیل کا اثر اگلےدو تین ماہ میں نظر آئےگا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کےدوران شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مالی سال دو ہزار بائیس میں ترسیلات زر 32 ارب ڈالرز تھیں جبکہ دوہزارچوبیس میں 27 ارب ڈالرز رہی ہیں۔
انہوں نےکہا کہ 2022میں شرح نمو 6.5 فیصد اور 2024 میں 2.4 فیصد سےبھی کم رہی ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھاکہ اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات روکنےکی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آئےگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےمشیر برائے خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھاکہ کھوکھلے وژن صرف ن لیگ کی حکومت میں ہی آتے ہیں مگر اڑان پاکستان میں توحد ہی ہوگئی ہے، اڑان پاکستان کہتا ہے 2030 سے 2047تک شرح نمومسلسل 9.98 فیصد تک رہے گی۔
انہوں نےکہا کہ خیبرپختونخوا کا 725 ارب روپے کا مجموعی قرض ہے، اتنا قرض شہباز نے صرف ایک ہفتے میں لیا، ہمارے دفاتر سے اب پنجاب والے پوچھ رہےہیں کہ کیسے ہم نے معیشت کو بہتر کیا؟
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نےدسمبر 2024 میں 3.07 ارب ڈالرز وطن بھیجے اوردسمبر 2024 کی ترسیلات دسمبر 2023 سے 29 فیصد زائد ہیں۔
عمران خان نے ہی سلمان اکرم راجہ کو سیکرٹری جنرل تعینات کیا ہے : بیرسٹر گوہر
اعداد و شمارمیں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سےسب سے زیادہ 77 کروڑ ڈالرز اور متحدہ عرب امارات سے 63 کروڑ ڈالرز بھیجے گئے۔ اس کے علاوہ برطانیہ سے 45 کروڑ ڈالرز، یورپ سے 36 کروڑ ڈالرز اور امریکا سے 28 کروڑز ڈالر بھیجے گئے۔
اسٹیٹ بینک کےمطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں، پاکستانیوں نے 6 ماہ میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے، جنوری سےدسمبر 2024 کی ورکرز ترسیلات 34.65 ارب ڈالر رہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے ترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال دی تھی۔
