وینزویلا پر حملہ غیر قانونی اور غیر دانش مندانہ تھا، کاملا ہیرس

امریکا کی سابق نائب صدر اور ڈیموکریٹ رہنما کاملا ہیرس نے وینزویلا پر امریکی حملے کی سخت مذمت کی ہے۔

کاملا ہیرس کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات کے نتیجے میں امریکا نہ زیادہ محفوظ ہوا، نہ مضبوط اور نہ ہی عوام کے لیے سستا ثابت ہوا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو کا غیر قانونی، ظالمانہ اور آمرانہ طرزِ حکمرانی اس حقیقت کو تبدیل نہیں کرتا کہ امریکا کی جانب سے کیا گیا حملہ غیر قانونی اور غیر دانش مندانہ تھا۔

کاملا ہیرس نے کہا کہ حکمرانوں کی تبدیلی یا تیل کے لیے کی جانے والی جنگوں کو اکثر امریکی طاقت کی علامت قرار دیا جاتا ہے، لیکن اس کی قیمت آخرکار امریکی عوام کو ادا کرنا پڑتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی عوام جنگ نہیں چاہتے اور وہ جھوٹے بیانیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے ہفتے کے روز وینزویلا پر حملہ کیا تھا، جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ڈیلٹا فورس نے وینزویلا کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے حراست میں لے لیا تھا۔

Back to top button