جوائنٹ وینچر نے رائل پام کلب کی 25 سال کی لیز حاصل کرلی

پرل کانٹی نینٹل ہوٹلز، وارم واٹرز ایڈوائزری گروپ، پلاٹینم کنسٹرکشن لمیٹڈ اور گالف اسکیپ ایل ڈی اے پرتگال پر مشتمل جوائنٹ وینچر نے لاہور کے رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کی لیز 25 سال کےلیے حاصل کرلی ہے۔ رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کی مالی بولی پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز میں کھولی گئی۔
یاد رہے کہ بولی کا عمل جنوری 2022 میں پاکستان ریلوے نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی نگرانی میں شروع کیا تھا جو اب مکمل ہوگیا ہے۔
بولی جیتنے والے جوائنٹ وینچر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ رائل پام کنٹری کلب کی لیز حاصل کرنے کے بعد اسے فیملی انٹرٹینمنٹ، تفریح، اور گالفنگ کے بہترین مقام میں تبدیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ اس مقصد کےلیے گالف کورس، کھیل کی سہولیات، کھانے پینے کے مقامات اور ایونٹ اسپیسز کی بحالی اور اپ گریڈیشن کےلیے سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کلب میں فائیو اسٹار گیسٹ رومز کی تعمیر بھی کی جائے گی جس میں کم از کم 100 کمرے ہوں گے اور یہ سب گالف کورس کے نظارے کے ساتھ ہوں گے۔
