امریکی حملے کی صورت میں اسرائیلی و امریکی اڈے نشانے پر ہوں گے: ایران

ایران نے اتوار کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی امریکی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا نے کسی بھی قسم کا حملہ کیا تو ایران جوابی کارروائی میں اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو جائز اہداف کے طور پر نشانہ بنائے گا۔

یاد رہے کہ ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت کے خدشات کے باعث اسرائیل پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بار بار مداخلت کی دھمکیوں اور ایرانی حکومت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے خبردار کرنے کے بعد اسرائیلی سکیورٹی اداروں میں تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے، جو اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ امریکا ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر نے کہا تھا کہ اگر ایران میں مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ مداخلت سے مراد ایران میں فوج اتارنا نہیں ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ ایران کے بعض شہروں میں عوام کا کنٹرول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت نے برسوں اپنے عوام کے ساتھ بدسلوکی کی اور اب اسے اس کے نتائج کا سامنا ہے۔

Back to top button