تحریک کا آغاز ہو چکا، 90 دن میں آر یا پار ہوگا: علی امین گنڈا پور

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک بھر میں 90 روزہ احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت چیئرمین عمران خان خود کریں گے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ تحریک "آر یا پار” ہوگی، حکومت میں رہیں یا نہ رہیں، فیصلہ کن مرحلہ آ گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے قوم کو آزادی، خود مختاری اور شعور کی سوچ دی۔ ہمارے خلاف جو مظالم ہوئے، اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر کیسز اس لیے نہیں چلائے جا رہے کیونکہ ان کے خلاف کوئی کیس ہی نہیں ہے۔ اس کے باوجود وہ تمام مظالم برداشت کرنے کے باوجود مذاکرات کے لیے تیار ہیں، مگر بات چیت صرف اُن سے ہوگی جن کے پاس اصل اختیارات ہیں۔

پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک، اہم فیصلوں کا اعلان آج متوقع

 

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر تحریک کا آغاز کل سے ہو چکا ہے۔ ہم یہ تحریک پاکستان کے ہر گلی، محلے، اور شہر میں لے کر جائیں گے۔
"90 دن میں فیصلہ کرنا ہے کہ سیاست کرنی ہے یا نہیں، ہم کسی اور کی ٹائم لائن پر نہیں چلیں گے،” انہوں نے دو ٹوک موقف اپنایا۔

وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ ہمارے خلاف ایک بار پھر فسطائی مہم شروع کی جا رہی ہے، لیکن ہم پاکستانی عوام کے حقوق کے لیے کھڑے ہیں۔ یہ تحریک صرف حکومت کی تبدیلی نہیں، بلکہ نظام کی اصلاح اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ہے۔

Back to top button