عصر حاضر میں امت مسلمہ کو اتحاد کی شدید ضرورت ہے،ایرانی صدر

ایرانی صدر نے کہا کہ عصر حاضر میں امت مسلمہ کو اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔ ایران اور پاکستان کے تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخی ورثے پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ایرانی صدر نے اپنی گفتگو کا آغاز قرآن پاک کی ایک آیت سے کیا اور امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آمد پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کی مہمان نوازی پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ پاکستان ہمارے لیے دوسرا گھر ہے، جہاں علمائے کرام اور سیاسی قیادت سے مفید تبادلہ خیال ہوا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی جانب سے دی جانے والی حمایت پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔انہوں نے علامہ اقبال کی شاعری کو ایران کے لیے بھی مشعل راہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں، اور دونوں ممالک باہمی روابط کو مختلف شعبوں میں فروغ دے رہے ہیں۔
صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل پورے خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ علاقائی امن اور ترقی ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے ہیں۔
