آئینی ترمیم کیلئے نمبر گیم پوری ہے،خواجہ آصف کادعویٰ

وزیردفاع خواجہ آصف نےدعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترمیم کیلئےنمبر گیم پوری ہے۔مولانا فضل الرحمان کے کچھ تحفظات تھے جنہیں دورکردیاگیاہے۔
وزیردفاع خواجہ آصف کا نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یقینی بنارہے ہیں کہ تمام اتحادی جماعتوں کےارکان اجلاس میں موجود ہوں۔مولانا اور اتحادی جماعتوں کےعلاوہ بھی کچھ ووٹ ہیں جو ملیں گے اور وہ آئینی اور قانونی طور پر کسی اورکےپابند نہیں ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امید ہےکہ آئینی پیکج آج منظور ہوجائے گا اور اس ترمیم کے پاس ہونے کے بعد پارلیمنٹ کے ماحول میں بہتری آئےگی۔مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کردیےجس کے بعد اب نمبرگیم پوری ہے۔
وزیردفاع نےکہا کہ کل اپوزیشن کو غیبی مدد آئی ہےاس کےباوجود ہمیں کامیابی ملے گی۔زیادہ تر ترامیم وہی ہیں جو کئی سال سے زیربحث ہیں۔آئینی عدالت کا قیام،عدالتوں میں ججزکی تعداد میں اضافہ بل کا حصہ ہے۔
خواجہ آصف نےکہا کہ اگرعدلیہ زیادہ سے زیادہ اختیارات حاصل کرنےمیں لگی رہے تو سائلین متاثر ہوتے ہیں۔عدلیہ ایک محترم ادارہ ہے اسے بھی سوچنا چاہیے، توہین عدالت فوری لگادیتے ہیں یہ نہیں دیکھتے کہ توہین ہوئی بھی ہے یانہیں۔
وزیردفاع نےمزید کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلےکےذریعے آئینی ترمیم کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی۔آئینی ترمیم تمام اداروں سےمتعلق ہوگی اور یہ ٹھنڈی ہوا سب کولگے گی۔
