انسٹا گرام کےصارفین کی تعداد 3 ارب سے تجاوزکرگئی

انسٹاگرام دنیا کی تیسری ایسی میٹا ایپ بن گئی ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 3 ارب سے زائد ہو گئی ہے۔

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے انسٹاگرام چینل پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انسٹاگرام نے 3 ارب ماہانہ صارفین کا ہدف عبور کر لیا ہے اور ہم یہاں ایک شاندار کمیونٹی تشکیل دے رہے ہیں۔

یہ فوٹو شیئرنگ ایپ کے لیے ایک اہم کامیابی ہے، جسے میٹا نے 2012 میں ایک ارب ڈالر میں خریدا تھا۔ اس سے پہلے اکتوبر 2022 میں انسٹاگرام صارفین کی تعداد 2 ارب تک پہنچی تھی، یعنی لگ بھگ تین برس میں ایک ارب مزید صارفین شامل ہوئے۔

خیال رہے کہ اپریل 2024 میں میٹا نے اعلان کیا تھا کہ اب اپنی ایپس کے صارفین کے اعداد و شمار باقاعدگی سے جاری نہیں کیے جائیں گے، البتہ نمایاں سنگ میل کا اعلان کیا جاتا رہے گا۔ جنوری 2025 میں زکربرگ نے بتایا تھا کہ فیس بک کے روزانہ صارفین 3 ارب سے تجاوز کر چکے ہیں جبکہ اپریل میں واٹس ایپ کے ماہانہ صارفین بھی 3 ارب سے بڑھ گئے تھے۔

Back to top button