چیمپئنز لیگ ٹی 20 کی واپسی کی راہ ہموارہوگئی

آئی سی سی نےعالمی فرنچائز ٹی 20 ٹورنامنٹ کی بحالی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
آئی سی سی کی منظوری سےچیمپئنز لیگ ٹی 20 کی واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق یہ ایونٹ ستمبر 2026 میں منعقد ہوسکتا ہے، جس میں ممکنہ طور پر آئی پی ایل اور پی ایس ایل سمیت دنیا کی بڑی ٹی 20 لیگ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلے تاحال باقی ہیں۔
ٹورنامنٹ کو "ورلڈ کلبز چیمپئن شپ” کے نام سے متعارف کرایا جائے گا، جس میں دنیا بھر کی بڑی ٹی 20 لیگز کی چیمپئن ٹیموں کو مدعو کیا جائے گا۔ سابقہ چیمپئنز لیگ کے مقابلے میں اس مرتبہ زیادہ بین الاقوامی دلچسپی اور بہتر کمرشل مواقع کی توقع کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، بی سی سی آئی اور ای سی بی اس منصوبے کی حمایت کر چکے ہیں، لیکن آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی ٹیموں کی شرکت ابھی حتمی نہیں۔
لندن میں منعقدہ "ورلڈ کرکٹ کنیکٹس” اجلاس میں مختلف لیگز (بشمول بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، ILT20، سی پی ایل اور دی ہنڈرڈ) کے نمائندوں نے شرکت کی، تاہم پی سی بی یا پی ایس ایل کا کوئی نمائندہ اجلاس میں شریک نہیں ہوا۔
اسی اجلاس میں آئی پی ایل ٹیموں کی شرکت سے متعلق بھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ تاہم آئی سی سی کی جانب سے دی گئی منظوری اس بات کا عندیہ ہے کہ مستقبل میں شیڈولنگ اور تجارتی معاملات طے ہونے کے بعد بڑی فرنچائز ٹیمیں اس ایونٹ کا حصہ بن سکتی ہیں۔
