سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق 40 افراد کی شناخت کے امکانات ختم

گل پلازہ کے المناک سانحے میں جھلس کر جاں بحق تقریباً 40 افراد کی شناخت کے امکانات ختم ہوگئے، عمارت سے ملی باقیات میں سے ڈی این اے کے صرف 4 سے 5 افراد کے نموںوں کے نتائج آنے کی توقع ہے۔

گل پلازہ کے المناک سانحے کو 12 روز گزر چکے ہیں اور عمارت میں لگنے والی شدید آگ میں جاں بحق ہونے والے 6 افراد کی لاشیں مکمل اور ایک کی شناخت شناختی کارڈ کی مدد سے کی گئی تھی۔

گل پلازہ کی آگ پر 33 گھنٹوں سے زائد کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا جس کے بعد سرچنگ کا آپریشن شروع کیا گیا جس میں گل پلازہ میں پھنس کر زندگی کی بازی ہارنے والوں کی ٹکڑوں میں سوختہ لاشیں اور ان کی ملنے والی باقیات ریسکیو کے عملے نے نکال کر ہسپتال پہنچائی تھیں۔

سانحے میں جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جہاں چیلنج بن گیا وہیں لواحقین کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہونے لگا، سانحہ گل پلازہ کے بعد سے لاپتا ہونے والوں کے لواحقین کی آمد کا سلسلہ بھی تاحال جاری ہے۔

گل پلازہ آتشزدگی میں جاں بحق بشارت کے لواحقین کے اہل خانہ نے پولیس سرجن ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کیا ہے تاکہ ڈی این اے کے ذریعے ان کے پیارے کی شناخت کا عمل مکمل ہوسکے، اب تک سانحے میں جاں بحق ہونے والے 72 افراد میں سے 27 افراد کی شناخت کا عمل مکمل ہوچکا ہے جس میں سے 20 افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ممکن ہوئی جبکہ 6 افراد کی شناخت چہرہ شناسی اور ایک شہری کی شناخت اس کے پاس سے ملنے والی قومی شناخت کارڈ کے ذریعے ممکن ہوسکی ہے۔

سی پی ایل سی شناخت پروجیکٹ کے سربراہ عامر حسن نے بتایا کہ گل پلازہ میں کئی گھنٹوں تک آگ کے شعلے دہکتے رہے اور وہاں موجود افراد کے جسم حتیٰ کہ ہڈیاں تک جل کر راکھ میں بدل گئیں جس کے باعث جاں بحق ہوئے تقریباً 40 افراد کی شناخت کے امکانات مکمل ختم ہوگئے کیونکہ گل پلازہ کی عمارت سے ملنے والی باقیات میں سے ڈی این اے کے لیے نمونہ ملنا ممکن نہیں ہے۔

Back to top button