صدر مملکت نے آرمی، نیوی اور ایئر فورس ترمیمی بلوں کی منظوری دے دی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آرمی، نیوی اور ایئر فورس سے متعلق ترمیمی بلوں کی منظوری دے دی ہے۔
ایوانِ صدر کے مطابق، صدر نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور ہونے والے پاکستان آرمی (ترمیمی) بل 2025 کی توثیق کر دی۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان ایئر فورس (ترمیمی) بل 2025 اور پاکستان نیوی (ترمیمی) بل 2025 کو بھی منظوری دے دی گئی۔
صدر کی منظوری کے بعد یہ تینوں بل باقاعدہ قانون کا حصہ بن گئے ہیں۔
ترمیم شدہ آرمی ایکٹ کے تحت آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے اور اس عہدے کی مدت 5 سال مقرر کی گئی ہے، جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم میں فیلڈ مارشل کا عہدہ تاحیات رکھنے کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی تھی۔
ترمیم کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی آرمی چیف کی مدتِ ملازمت دوبارہ سے شمار کی جائے گی۔
