وزیراعظم نے گھریلوصارفین کیلئےبجلی کےٹیرف میں کمی کاعندیہ دیدیا

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے گھریلو صارفین اور صنعتوں کیلئےبجلی کے ٹیرف میں مزید کمی لائیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی کےشعبےمیں اصلاحات پر عمل درآمد پرجائزہ اجلاس اسلام آبادمیں منعقد ہوااوراجلاس کو بجلی کےشعبے میں اصلاحات کےآئندہ تین برس کےاہداف پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے بجلی کےشعبے میں جاری اصلاحات کے مثبت ثمرات موصول ہو رہے ہیں، گزشتہ7 دہائیوں کا بگاڑ بہتر کرنے کیلئےوزارت اورمتعلقہ ادارے تعاون سے کام کررہے ہیں جو خوش آئند ہے۔
شہبازشریف نےکہا کہ عوام سےوعدہ کیا تھا کہ انہیں کم لاگت ماحول دوست بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے، آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظر ثانی سے قومی خزانے کو بچت اور صارف کیلئےبجلی کی قیمت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ انسداد بجلی چوری مہم سے تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں کمی خوش آئند اور وزارت بجلی و معاون اداروں کی محنت کا نتیجہ ہے، بجلی چوری کے خلاف مہم مزید تیز کرکے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے اس حوالے سے خسارے میں 100 فیصد کمی لائیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ ارکان کی تعیناتی سے کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے، ایسی تقسیم کار کمپنیاں جن میں بورڈ تشکیل نہیں ہوئے، ان میں بھی جلد نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ ارکان تعینات کر دیے جائیں۔
