وزیراعظم کی ترک صدر سے ملاقات، باہمی تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے قاہرہ میں ڈی ایٹ اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات میں باہمی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نےقاہرہ میں ڈی ایٹ اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سےملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نےباہمی تعلقات،تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم کا کہناتھا کہ پاکستان اور ترکیہ کےدرمیان تاریخی، برادرانہ اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں، انہوں نے صدر اردوان کی قیادت میں ترکیہ کی مثالی ترقی کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نےزور دیا کہ دونوں ممالک کو ملکی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں بالخصوص آئی ٹی،زراعت اورگرین ٹیکنالوجی کےنئے شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانا چاہیے۔

قبل ازیں مصر کے شہر قاہرہ میں ڈی ایٹ سربراہی اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان ملازمتیں ڈھونڈنے کے بجائے ملازمتیں دینےوالےبنیں، نوجوانوں کی معاونت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی کسی بھی معاشرےکی ترقی کیلئےاہم ہے۔

شہباز شریف نےکہا کہ نوجوان توانائی، نئے خیالات، اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہیں، ڈی ایٹ رکن ممالک کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیراعظم نےکہا کہ نوجوانوں کے پاس بہترین آئیڈیاز ہوتے ہیں، اس وقت پاکستان میں ہماری توجہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا پروٹیکشن اور سائبر سکیورٹی پر مرکوز ہے تاکہ ہمارے نوجوان دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بڑھتے مواقع سے فائدہ اٹھاسکیں اور ملازمت ڈھونڈنے کے بجائے ملازمتیں دینے کی جانب جائیں۔

 شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بڑے فری لانسرز والے ممالک کا گھر سمجھا جاتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ زراعت، معیشت اور دیگر شعبوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتری لائی جائے۔

وزیراعظم نےکہا کہ ایس ایم ایز عالمی سطح پر درپیش معاشی چیلنج سے نمٹنے کے لیے اہم ثابت ہوسکتے ہیں، سماجی ترقی کے لیے ایس ایم ایز کی ترقی پر توجہ دی جارہی ہے، ہمارے ملک میں اکثریت نوجوانوں کی ہے، ہماری کوشش ہے انہیں درست ہنر اور مہارتوں سے آراستہ کرکے اور انہیں اعلیٰ تعلیم فراہم کرکے دنیا کے لیے کار آمد بنایا جائے۔

Back to top button