24نومبرکااحتجاج فائنل،مذاکرات”خان“کی رہائی کےبعدہونگے،گنڈاپور کااعلان
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نےکہا ہے24نومبر کااحتجاج فائنل ہے ۔احتجاج کےحوالے سےحکومت سےمذاکرات نہیں ہورہے،عمران خان کی رہائی کے بعد ہی مذاکرات ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے بعد ہی مذاکرات ہوں گے۔احتجاج ہو رہا ہے اور ہر صورت ہوگا، 24 نومبرکو اسلام آباد جائیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی یہی کہا تھا کہ کہ پی ٹی آئی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے،دھمکیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کامیڈیا سےگفتگو میں کہنا تھا کہ میں مذاکرات کے حق میں ہوں لیکن ایسی کوئی صورت نہیں ہےکہ دھمکیاں دیں اور کہیں کہ بات چیت کرنی ہے، کسی کو اجازت کےبغیر کوئی جلسہ جلوس کرنےکی اجازت نہیں دیں گے۔
محسن نقوی نےکہا صرف خاص دنوں میں پی ٹی آئی کیوں احتجاج کررہی ہے، اب انہوں نے ایسےوقت میں احتجاج کی کال دی ہے۔24 نومبر کو بیلاروس کا65 رکنی وفدآرہا ہےجس میں10 وزرا ہیں،25 کو بیلاروس کے صدر آرہے ہیں جن کا3 دن کادورہ ہے،ہم وہی کنٹینر لگارہےہوں گے،موبائل فون سروس بند کررہےہوں گے،ان کی حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہوگی،اس کے بعد ہمیں اپنے شہراورشہریوں کی حفاظت کرنی ہے،اس لیے ہم کسی کو اجازت کے بغیر کسی جلسےجلوس کی اجازت نہیں دےسکتے۔
وزیر داخلہ نےکہاکہ احتجاج کو کوئی نہیں روکتا، آپ جہاں ہیں وہاں رہ کر احتجاج کریں، عدالت میں بھی یہی کہا ہےکہ ہم نے کسی کو احتجاج سے نہیں روکا لیکن اسلام آباد آکر احتجاج کرنا اور وہ بھی ان دنوں میں احتجاج کرنا جب کوئی اہم ایونٹ ہورہا ہے، عوام فیصلہ کرے کہ یہ اہم دنوں میں احتجاج کیوں کرتے ہیں، انتظامیہ اپنے انتظامات پورے کرے گی، باقی دیکھتے ہیں۔ کسی کو بھی اسلام آباد میں اجازت کے بغیر جلسے جلوس کی اجازت نہیں دے سکتے، چیف جسٹس کا جو بھی آرڈر ہوگا اس پر عملدرآمد کریں گے۔