پی ٹی آئی سے مذاکرات کی گنجائش انکے بیانیے سے لاتعلقی پر مشروط ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی رہنما یہ مؤقف اختیار کریں کہ وہ بانی تحریک انصاف عمران خان کے بیانیے سے اتفاق نہیں رکھتے تو حکومت ان سے بات چیت کر سکتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اڈیالہ جیل آئے تو انہیں واپس جانے کا کہا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کو پہلے ناکے سے ہی واپس بھیج دیا جائے گا، اور اگر بانی پی ٹی آئی کی بہنیں آئیں تو ان کی گرفتاری کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ایک انٹرویو میں عطا تارڑ نے کہا کہ ملک کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے یہ بھی دہرایا کہ اگر پی ٹی آئی کا مؤقف ہو کہ وہ عمران خان کے بیانیے کے ساتھ نہیں تو مذاکرات کے دروازے کھل سکتے ہیں۔

دو روز قبل بھی عطا تارڑ نے کہا تھا کہ کسی کو بھی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی اڈیالہ جیل کے باہر لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

Back to top button