قومی کرکٹ ٹیم کا دوسرادستہ امریکہ پہنچ گیا

 ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا دوسرا دستہ بھی میامی، لاڈرہل پہنچ گیا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 31 جولائی سے لاڈرہل میں ہوگا، جس کے لیے قومی اسکواڈ دو مختلف گروپس کی صورت میں براستہ دبئی امریکا پہنچا۔

دوسرے مرحلے میں امریکا پہنچنے والے قومی اسکواڈ کے کھلاڑیوں میں فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف، وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث، حسین طلعت، حسن نواز، اوپنر صاحبزادہ فرحان، کوچز اور معاون عملہ شامل ہیں۔ اس سے قبل متعدد کھلاڑی ڈھاکا سے دبئی کے ذریعے میامی پہنچ چکے تھے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 31 جولائی، دوسرا 2 اگست اور تیسرا و آخری مقابلہ 3 اگست کو شیڈول ہے، تمام میچز لاڈرہل میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز کے بعد پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کے ہوم گراؤنڈز کا رخ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے میچز بالترتیب 8، 10 اور 12 اگست کو ہوں گے۔

مختصر فارمیٹ کے لیے 15 رکنی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، فخر زمان، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد نواز، حسن نواز، صائم ایوب، ابرار احمد، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

Back to top button