ریاست وقت کی تبدیلی کو سمجھے، ظلم زیادہ دیر نہیں چل سکتا: علی امین

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ریاست نے عمران خان سمیت کئی رہنماؤں کو جیل میں ڈالا ہوا ہے، لیکن اقتدار میں رہنے والوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ وقت ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا۔

پہاڑپور اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی پاسداری کر رہے ہیں، مگر میرے عوام کو اُن کے حقوق کون دے گا؟

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کا قیام اور دہشتگردی کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بانی تحریک انصاف اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاریوں پر ریاست کو سوچنا چاہیے، ہم نے برداشت کر لیا ہے، لیکن جب تمھاری باری آئی تو شاید برداشت نہ کر سکو۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا ریگی آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

انہوں نے مزید کہا کہ ترقی کا راستہ امن سے جُڑا ہوا ہے، اگر کچھ لوگوں نے ہتھیار اٹھائے ہیں تو اُس میں ہماری بھی کچھ نہ کچھ کوتاہی ہے۔ ایسے افراد کو سمجھایا جانا چاہیے۔ افغانستان سے مذاکرات جاری ہیں اور اُمید ہے کہ وہ ہماری بات مانیں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جب بھی عمران خان نے آواز دی، ہم نے پُرامن احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ہم سیاست کے راستے پر ہیں، ہمیں بغاوت پر مجبور نہ کیا جائے۔

Back to top button