سٹاک مارکیٹ 1لاکھ 41 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گئی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 41 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔ اس بہتری کی بڑی وجہ امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ اور پاکستان پر 19 فیصد کی شرح سے عائد کردہ رعایتی ٹیرف قرار دیا جا رہا ہے۔
کاروباری دن کے آغاز پر انڈیکس میں 433 پوائنٹس تک کمی ہوئی، تاہم تقریباً دوپہر 12 بجے کے بعد تیزی کا رجحان غالب آیا۔ انڈیکس میں 483.07 پوائنٹس (0.35 فیصد) اضافہ ہوا، جس سے یہ 139,873.49 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
بعد ازاں تیزی کا تسلسل جاری رہا، اور اختتام پر 100 انڈیکس 1,644 پوائنٹس یعنی 1.18 فیصد اضافے کے ساتھ 141,034 پر بند ہوا۔ گزشتہ روز انڈیکس 139,390 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
یہ مثبت رجحان امریکا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے اور محصولات میں نرمی کے بعد دیکھنے میں آیا۔ 31 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا:
’’ہم نے پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت پاکستان اور امریکا مل کر پاکستان میں تیل کے وسیع ذخائر کو ترقی دیں گے۔ اس شراکت داری کے لیے ہم جلد ایک آئل کمپنی کا انتخاب کریں گے۔‘‘
امریکی صدر کے مطابق، بھارت پر 25 فیصد درآمدی محصولات کے مقابلے میں پاکستان پر 19 فیصد رعایتی ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان پر محصولات کی شرح 29 فیصد تھی۔ نئے نرخ 7 اگست سے نافذ العمل ہوں گے۔
